لاہور میں بجلی کی غیر اعلانیہ جبری لوڈشیڈنگ، شہریوں کی نیندیں حرام

08-28-2026

(لاہور نیوز) شدید گرمی اور حبس کے دوران لیسکو ریجن میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔

شام ہوتے ہی مختلف علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کے نام پر بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، جبکہ رات بھر بجلی کی بار بار بندش کے باعث شہریوں کی نیندیں اڑ گئیں۔ ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کے نام پر 30 منٹ سے ایک گھنٹے تک وقفے وقفے سے جبری لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جبکہ ہائی لاسز فیڈرز پر 2 سے 6 گھنٹے تک بجلی بند رہنے کی اطلاعات ہیں۔ شام اور رات کے اوقات میں ٹرپنگ کے باعث بھی شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ گنجان آباد علاقوں میں تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمرز خراب ہونے کی شکایات میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں سولر سسٹمز کے باعث لیسکو کی بجلی کی طلب تقریباً 3500 سے 3700 میگاواٹ تک رہتی ہے، تاہم رات کے اوقات میں سولر سسٹمز بند ہونے کے بعد طلب بڑھ کر 5200 میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایل این جی کی سپلائی متاثر ہونے کے باعث گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں بھی کمی واقع ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں طلب اور رسد کا فرق مزید بڑھ گیا ہے۔ بجلی کی غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شدید گرمی اور حبس کے دوران بجلی کی بلاجواز بندش کا سلسلہ فوری ختم کیا جائے۔