جوئے کے خاتمے کا مشن، رواں سال 1,737 جواری گرفتار،467 مقدمات درج

08-28-2026

(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے جوئے کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے رواں سال مختلف کارروائیوں کے دوران 1,737 جواریوں کو گرفتار کرکے 467 مقدمات درج کر لیے۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 72 لاکھ روپے سے زائد داؤ پر لگی رقم بھی برآمد کی گئی۔ پولیس کے مطابق سٹی ڈویژن میں بڑی کارروائی کے دوران جوئے کے اڈوں سے 530 جواری گرفتار کیے گئے، جبکہ اقبال ٹاؤن سے 317، کینٹ سے 248 اور ماڈل ٹاؤن سے 226 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے جوئے کے اڈوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ ریڈز کا سلسلہ جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ آن لائن جوئے کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ جوئے سمیت تمام سوشل کرائمز کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں۔