ٹک ٹاک بنانے کا جنون، نوجوان شیر کے پنجرے میں کود گیا
08-28-2026
(لاہور نیوز) ٹک ٹاک بنانے کے جنون میں نوجوان نے خطرناک اقدام کرتے ہوئے شیر کے پنجرے میں چھلانگ لگا دی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان ٹک ٹاکر باآسانی شیر کے پنجرے میں داخل ہو جاتا ہے، تاہم خوش قسمتی سے کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔ واقعے کے بعد چڑیا گھر کی سکیورٹی اور انتظامی غفلت پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں، ذرائع کے مطابق شیر کے پنجرے کے اطراف نہ کوئی سکیورٹی گارڈ موجود تھا اور نہ ہی زو کیپر تعینات تھا، جس کے باعث نوجوان کو پنجرے میں داخل ہونے میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ سوشل میڈیا صارفین نے خطرناک حرکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چڑیا گھر انتظامیہ سے سکیورٹی انتظامات بہتر بنانے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔