صوبائی وزیر صحت سلمان رفیق کا ہسپتالوں میں فائر سیفٹی کیلئے ٹیکنیکل ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ
08-27-2026
(لاہور نیوز) سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں آگ لگنے کے واقعات سے بچاؤ کے لئے مؤثر اقدامات کیلئے وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔
ہسپتالوں میں فائر سیفٹی کیلئے ٹیکنیکل ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا، سیکرٹری عظمت محمود اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے اجلاس میں شرکت کی، تمام ڈویژنل کمشنرز، وائس چانسلرز، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز، ایم ایس و دیگر افسران بھی شریک تھے۔ اجلاس کے دوران ہسپتالوں میں فائر سیفٹی اور ایمرجنسی رسپانس اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔خواجہ سلمان رفیق نے فائر سیفٹی میں غفلت یا کوتاہی پر ایکشن کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں فائر سیفٹی و الیکٹریکل سیفٹی کے اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے، مریضوں اور ہسپتال کے عملے کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ ہسپتالوں میں طبی و ایمرجنسی آلات کی فراہمی کے لئے واضح ٹائم لائن مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ریسکیو 1122 کو فوری طور پر تمام ہسپتالوں میں عملے کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی باقاعدہ تربیت دے، ہسپتالوں کے تمام افسران و ملازمین کیلئے ایمرجنسی رسپانس و فائر سیفٹی کی تربیت لازم ہے۔