پیرا کے اختیارات محدود، اسسٹنٹ کمشنر کی منظوری کے بغیر احاطوں کی ڈی سیلنگ پر پابندی
08-27-2026
(لاہور نیوز) پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے احاطوں کی سیلنگ اور ڈی سیلنگ کے طریقہ کار سے متعلق اہم ایڈوائزری جاری کر دی۔
پیرا ہیڈکوارٹر کی جانب سے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور سب ڈویژنل انفورسمنٹ افسران (SDEOs) کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سیلنگ اور ڈی سیلنگ کی کارروائی صرف قانونی تقاضوں اور پیرا کے ڈیجیٹل ورک فلو کے مطابق کی جائے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیرا کا کوئی بھی SDEO اسسٹنٹ کمشنر کی منظوری کے بغیر کسی احاطے کو ڈی سیل نہیں کرے گا، طریقہ کار سے کسی بھی قسم کا انحراف غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔ پیرا حکام کے مطابق قانون کے برخلاف کسی احاطے کو ڈی سیل کرنے والے افسر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ سیلنگ اور ڈی سیلنگ کے تمام مراحل مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت مکمل کئے جائیں۔ مذکورہ نوٹیفکیشن تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ڈی ای اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری بورڈز (DERBs) کو جاری کر دیا گیا ہے۔