شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو، لیسکو کا نظام دباؤ کا شکار

08-27-2026

(لاہور نیوز) شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں اضافے کے ساتھ ہی لاہور میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمرز خراب ہونے کی شکایات میں بھی ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شہر کے گنجان آباد علاقوں میں ٹرانسفارمرز خراب ہونے کے واقعات بڑھ گئے ہیں، جس کے باعث صارفین کو کئی کئی گھنٹے بجلی سے محروم رہنا پڑتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں سولر سسٹمز کے باعث بجلی کی طلب نسبتاً کم رہتی ہے۔ لیسکو کی دن کے اوقات میں بجلی کی طلب 3500 سے 3700 میگاواٹ تک رہتی ہے، تاہم رات کے وقت سولر پیداوار ختم ہونے سے سسٹم پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق رات کے اوقات میں لیسکو کی اوسط بجلی کی طلب 5200 میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے۔ دوسری جانب ایل این جی کی محدود سپلائی کے باعث پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار اور سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے۔ شام اور رات کے اوقات میں بجلی کی طلب بڑھنے پر جبری لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا جاتا ہے۔ مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے 30 منٹ سے ایک گھنٹے تک بجلی بند کی جارہی ہے، جبکہ ہائی لاسز والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 2 سے 6 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ شدید گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ٹرانسفارمرز کی خرابی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔