ڈیفنس سی پولیس کا مبینہ مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار

08-27-2026

(لاہور نیوز) ڈیفنس سی پولیس نے پپلی پیر دربار کے قریب ناکے پر مشکوک موٹر سائیکل سوار دو افراد کو روکنے کی کوشش کی، تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے موٹر سائیکل بھگا دی۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے تعاقب کے دوران پولیس پارٹی پر فائرنگ بھی کی، جس پر پولیس نے ان کا تعاقب جاری رکھا۔ تیز رفتاری کے باعث ملزمان موٹر سائیکل پر اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور کچھ فاصلے پر گر پڑے۔ پولیس نے زمین پر گرے ہوئے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جس کی شناخت ایوب عرف طور خاں کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دوسرا ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ ایس پی کینٹ عاطف امیر کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔