6 کلو چرس برآمدگی کیس: 14 سال قید کی سزا کالعدم، تین سال سے قید ملزم بری
08-27-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے 6 کلو چرس برآمدگی کیس میں 14 سال قید کی سزا پانے والے ملزم ذوالفقار علی کو بری کردیا۔
عدالت نے ملزم کی جانب سے دائر فوجداری اپیل منظور کرتے ہوئے ماتحت عدالت کی سزا کالعدم قرار دے دی۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے قرار دیا کہ سیل شدہ منشیات صرف عدالت میں پیش کردینا کافی نہیں، دورانِ سماعت پارسل کھول کر گواہوں کو منشیات دکھانا اور ان سے اس کی شناخت کرانا بھی ضروری ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ منشیات کی محفوظ تحویل اور منتقلی کا مکمل سلسلہ ثابت کرنا استغاثہ کی ذمہ داری ہے۔ پولیس برآمد شدہ منشیات کی محفوظ منتقلی کا مکمل ریکارڈ عدالت میں پیش نہ کرسکی، جبکہ منشیات کے نمونے فرانزک ایجنسی بھجوانے کا روڈ سرٹیفکیٹ بھی پیش نہیں کیا گیا۔ فیصلے کے مطابق رجسٹر نمبر 19 کی متعلقہ انٹری بھی عدالت کے سامنے پیش نہیں کی گئی، جس کے باعث منشیات کی محفوظ تحویل اور مسلسل منتقلی کا سلسلہ ثابت نہ ہوسکا اور مقدمہ مشکوک ہوگیا۔ عدالت نے مزید قرار دیا کہ گواہوں کے بیانات میں چرس کی شکل کے حوالے سے بھی تضاد موجود تھا۔ ایک گواہ نے چرس کے ٹکڑوں کو چوکور جبکہ دوسرے نے گول قرار دیا۔ عدالت کے مطابق اگر سیل شدہ پارسل کھول کر گواہوں سے شناخت کرائی جاتی تو یہ تضاد واضح ہوسکتا تھا۔