طلعت پارک بند روڈ پر میٹ سٹوریج ہاؤس پر چھاپہ، مضر صحت گوشت تلف
08-27-2026
(لاہور نیوز) ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکم پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور خواجہ عمیر کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے طلعت پارک، بند روڈ پر میٹ سٹوریج ہاؤس پر کارروائی کرتے ہوئے 500 کلو مضر صحت اور ناقص گوشت تلف کر دیا، جبکہ یونٹ کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کے مطابق کارروائی کے دوران گوشت میں پیپ زدہ گٹھلیاں، زخم، خون کی نامکمل نکاسی اور تعفن کے شواہد پائے گئے، گوشت پر مکھیوں کی بھرمار تھی، جبکہ سٹوریج ایریا کی صفائی اور مجموعی حالت بھی انتہائی ناقص پائی گئی۔ راجہ منصور احمد نے بتایا کہ موقع پر موجود ویٹرنری اسپیشلسٹ نے گوشت کا تفصیلی معائنہ کیا، جس کے بعد اسے انسانی استعمال کیلئے مضر قرار دیا گیا، تلف کیا جانے والا 500 کلو گوشت صحت عامہ کیلئے خطرہ تھا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے میٹ پروسیسنگ یونٹس کو فوڈ سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جعلساز مافیا کے تمام ہتھکنڈے ناکام بنانے کیلئے فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں 24 گھنٹے متحرک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری اشیائے خورونوش خریدنے سے قبل لیبل پڑھنے کی عادت اپنائیں، وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صحت مند پنجاب کی تکمیل کیلئے دن رات کام جاری ہے۔