سرکاری نرخ نامہ نظرانداز، سبزیاں مہنگے داموں فروخت، صارفین پریشان

08-27-2026

(لاہور نیوز) سرکاری نرخ نامے کے مطابق متعدد سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، تاہم مارکیٹ میں تقریباً تمام سبزیاں مقررہ سرکاری نرخوں کے برعکس مہنگے داموں فروخت ہونے کا سلسلہ جاری ہے، سبزی منڈی، پوش علاقوں اور گلی محلوں میں سبزیوں کے الگ الگ نرخ وصول کیے جا رہے ہیں۔

سرکاری نرخ نامے کے مطابق پیاز کی قیمت 185 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ درجہ اول خشک پیاز پرچون بازاروں میں 240 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ ٹماٹر کی سرکاری قیمت 155 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم درجہ اول ٹماٹر 240 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ لہسن ہرنائی کی سرکاری قیمت 280 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ درجہ اول چائنہ لہسن پرچون مارکیٹ میں 450 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ ادرک تھائی لینڈ کی سرکاری قیمت 330 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، لیکن مارکیٹ میں ادرک 420 روپے فی کلو تک دستیاب ہے۔ لیموں دیسی کی سرکاری قیمت میں 10 روپے اضافہ کرکے 160 روپے فی کلو مقرر کی گئی، تاہم ریٹیل مارکیٹ میں اس کی قیمت 240 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ سبز مرچ کی قیمت بھی 10 روپے بڑھا کر 120 روپے فی کلو مقرر کی گئی، جبکہ مارکیٹ میں سبز مرچ 180 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ دیسی ٹینڈے کی سرکاری قیمت 200 روپے فی کلو مقرر ہے، مگر مارکیٹ میں 280 روپے فی کلو تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔ آلو کی سرکاری قیمت 35 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ درجہ اول آلو 50 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ کھیرا سرکاری نرخ نامے میں 120 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں 180 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ بند گوبھی کی سرکاری قیمت 150 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم اس کی فروخت 280 روپے فی کلو تک جاری ہے۔ پھول گوبھی کی سرکاری قیمت 160 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ پرچون بازاروں میں 250 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ بینگن کی سرکاری قیمت 80 روپے فی کلو ہے، لیکن پرچون مارکیٹ میں 160 روپے فی کلو تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔ بھنڈی کی سرکاری قیمت 180 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم پرچون مارکیٹ میں 260 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ شملہ مرچ کی سرکاری قیمت 270 روپے فی کلو مقرر کی گئی، جبکہ پرچون مارکیٹ میں اس کی قیمت 360 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ گاجر کی سرکاری قیمت 125 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن پرچون بازاروں میں 175 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ گھیا کدو کی سرکاری قیمت 180 روپے فی کلو ہے، جبکہ مارکیٹ میں 250 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ گھیا توری کی سرکاری قیمت 80 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم پرچون بازار میں 120 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ میتھی کی سرکاری قیمت 260 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ مارکیٹ میں میتھی 440 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔ صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنائے، منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرے اور مختلف علاقوں میں سبزیوں کے الگ الگ نرخ وصول کرنے کا سلسلہ ختم کرائے۔