اسٹیٹ بینک کی 10 روپے کا بینک نوٹ ختم کرنے کی سفارش

08-26-2026

(ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے کا بینک نوٹ ختم کرنے کی سفارش کر دی۔

مرکزی بینک کے ڈپٹی گورنر  نے یہ بات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کے اجلاس میں بتائی، اجلاس میں 5 ہزار اور ایک ہزار روپے کے جعلی نوٹ بینک اے ٹی ایمز سے نکلنے کی اطلاعات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ڈپٹی گورنر  نے کمیٹی کو نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کے عمل پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے نئے نوٹوں کے ڈیزائن اور اجرا کی نگرانی کیلئے وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک وزارتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وزارتی کمیٹی نئے نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دے چکی ہے جبکہ اسٹیٹ بینک ان نوٹوں میں مطلوبہ سکیورٹی خصوصیات یقینی بنانے کیلئے کام کر رہا ہے،  وفاقی کابینہ کی منظوری کے باوجود نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا میں مزید ایک سال لگ سکتا ہے۔ اسٹیٹ بینک نے 10 روپے کا نوٹ ختم کرنے کی سفارش کی ہے جبکہ نئے کرنسی نوٹوں کی مالیت کا حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔ حکام کے مطابق نئے بینک نوٹ کا ابتدائی ڈیزائن پہلے دستی طور پر تیار کیا جائے گا، جس کے بعد اسے مشینی عمل کے ذریعے نوٹوں کی تیاری کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ کمیٹی نے نئے کرنسی نوٹوں کے ٹینڈرنگ کے عمل کی تفصیلات اور بینکاری نظام کے ذریعے جعلی کرنسی کو گردش میں آنے سے روکنے کیلئے اسٹیٹ بینک کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔