ہسپتالوں میں آتشزدگی سے بچاؤ، الیکٹریکل سیفٹی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت

08-26-2026

(لاہور نیوز) پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام اور برقی حفاظتی انتظامات مزید مؤثر بنانے کیلئے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

محکمے کی جانب سے پنجاب کی تمام سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، سرکاری میڈیکل کالجوں اور سپیشلائزڈ میڈیکل اداروں کے پرنسپلز، ڈینز اور ایگزیکٹو ڈائریکٹرز جبکہ تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔ مراسلے میں اداروں کے سربراہان سے تصدیق شدہ تعمیلی رپورٹ 24 گھنٹے کے اندر طلب کی گئی ہے، جس میں حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کی تصدیق کرنا ہو گی۔ محکمہ صحت کے مطابق 6 جنوری 2025 کو بھی ہسپتالوں میں آتشزدگی کے واقعات سے بچاؤ کیلئے مناسب حفاظتی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق ضروری ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ ہسپتالوں میں زیر علاج نازک مریضوں اور صحت کی خدمات کی حساس نوعیت کے پیش نظر انسانی جانوں کے تحفظ، بنیادی ڈھانچے کو نقصان سے بچانے اور طبی خدمات کے تسلسل کیلئے برقی اور فائر سیفٹی پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد ضروری قرار دیا گیا ہے۔ مراسلے میں تمام ہسپتالوں اور اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، متعلقہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ یا اتھارٹی سے الیکٹریکل لوڈ اسیسمنٹ کا تازہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا بھی کہا گیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ منظور شدہ برقی لوڈ ہسپتال کی موجودہ اور متوقع ضروریات کیلئے کافی ہے۔ تمام ہسپتالوں میں مقررہ مقامات پر واٹر ہائیڈرنٹس، فائر ایکسٹنگوشرز اور دیگر حفاظتی سامان کی مناسب دستیابی، آسان رسائی اور کارآمد حالت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ محکمے  نے آگ بجھانے والے آلات کے باقاعدہ معائنے اور دیکھ بھال، بروقت ری فلنگ یا تبدیلی اور معائنے و سروسنگ کا مکمل ریکارڈ رکھنے پر بھی زور دیا ہے، اس کے علاوہ ریسکیو 1122 کے تعاون سے ہسپتال کے عملے کیلئے باقاعدگی سے آگ سے بچاؤ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔