پنجاب حکومت کا کینسر کے مریضوں کے مفت علاج کیلئے 10 ارب روپے کا خصوصی پروگرام

08-26-2026

(لاہورنیوز) حکومت پنجاب کی جانب سے کینسر کے مریضوں کو اربوں روپے کی لاگت سے مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے وزیراعلیٰ پنجاب خصوصی پروگرام برائے کینسر پیشنٹس کے تحت مریضوں کو تشخیص، کیموتھراپی، ریڈیوتھراپی، سرجیکل اور میڈیکل تھراپی کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ چیف منسٹرز سپیشل انیشی ایٹو فار کینسر پیشنٹس کے تحت حکومت پنجاب نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں کینسر کے مریضوں کے مفت علاج کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ 24 مارچ 2026 سے اب تک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق کینسر کے مریضوں کو 6.85 ارب روپے کا مفت علاج فراہم کیا جا چکا ہے، جبکہ پروگرام کے تحت اب تک کینسر کے 39 ہزار 900 مریض علاج کے لیے رجسٹرڈ کیے گئے ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق اب تک کینسر کے مریضوں کے 113 ہزار 168 سے زائد داخلے کیے جا چکے ہیں۔ ایٹمی توانائی کمیشن کے ہسپتالوں میں 82 ہزار 440 سے زائد مریضوں کے داخلے ہوئے، جبکہ منتخب نجی ہسپتالوں میں کینسر کے 30 ہزار 728 مریضوں کو داخل کیا گیا۔ خصوصی پروگرام کے تحت سرکاری ہسپتالوں میں PET اسکین کی سہولت کے لیے بھی 917 مریضوں کے داخلے کیے جا چکے ہیں۔ حکومت پنجاب کے مطابق کینسر کے مریضوں کو مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے 42 سرکاری و نجی ہسپتالوں کو پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔