اختیارات سے تجاوز کرنے والی پیرا فورس کو نکیل ڈالنے کی تیاری
08-26-2026
(لاہور نیوز) پیرا فورس کے اہلکاروں کی جانب سے اختیارات سے تجاوز اور مبینہ خودساختہ کارروائیوں کی بڑھتی شکایات کے پیش نظر فورس کے اختیارات محدود کرنے کی تیاری کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق پیرا فورس کے سارجنٹس اور دیگر جونیئر اہلکار اب عوام اور تاجروں کے خلاف ازخود کارروائی نہیں کرسکیں گے۔ متعلقہ افسر کی موجودگی کے بغیر کسی شہری کو گرفتار کرنے یا دکان سیل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گریڈ 14 کے انفورسمنٹ انسپکٹر کی موجودگی کے بغیر پیرا فورس کا کوئی اہلکار کسی قسم کی کارروائی کا مجاز نہیں ہوگا۔ کارروائی کے دوران انفورسمنٹ انسپکٹر کی نگرانی لازمی قرار دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پیرا فورس کے خلاف موصول ہونے والی بڑھتی ہوئی شکایات کے بعد کیا گیا ہے۔ بعض اہلکاروں کے مطابق پیرا فورس کے جونیئر اہلکار اور سارجنٹس مبینہ طور پر خودساختہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جونیئر اہلکاروں کی جانب سے کی جانے والی خودساختہ کارروائیاں محکمے کی بدنامی کا باعث بن رہی تھیں، جس کے باعث اختیارات کے استعمال کو باقاعدہ نگرانی سے مشروط کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے