جشن عید میلادالنبی ﷺ، جلوسوں کیلئے ٹریفک انتظامات، وارڈنز و پٹرولنگ افسران تعینات

08-26-2026

(لاہور نیوز) جشن عید میلادالنبی ﷺ کے جلوسوں، ریلیوں اور محافل کیلئے ٹریفک انتظامات مکمل کر لئے گئے۔

 سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ایس ایس پیز کی نگرانی میں 16 ڈی ایس پیز، 45 سیکٹر انچارجز اور 1400 سے زائد ٹریفک وارڈنز و پٹرولنگ افسران تعینات کئے گئے ہیں، شہر میں 2 بڑے اجتماعات، جشن میلادالنبی ﷺ کی 172 ریلیاں اور 125 محافل میلاد منعقد ہو رہی ہیں، شہریوں کی سہولت کیلئے کسی بھی اہم شاہراہ کو ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جلوس اور ریلیاں گزرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کو مخصوص پوائنٹس سے متبادل راستوں کی جانب ڈائیورٹ کیا جائے گا، تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق شہریوں کو ٹریفک صورتحال اور متبادل راستوں سے آگاہ رکھنے کیلئے راستہ ایف ایم، راستہ ایپ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ سید عبدالرحیم شیرازی  نے کہا کہ شہر بھر میں جلوسوں اور محافل کیلئے بہترین ٹریفک انتظامات کئے گئے ہیں، شہری کسی بھی مدد یا راہنمائی کیلئے ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔