سارہ احمد کا پمز ہسپتال میں آتشزدگی سے نومولود بچوں کی اموات پر اظہارِافسوس
08-26-2026
(لاہور نیوز) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو محترمہ سارہ احمد نے اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے نرسری وارڈ میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے اور معصوم نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سارہ احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ پمز ہسپتال کے نرسری وارڈ میں آتشزدگی اور معصوم نومولود بچوں کی ہلاکت کا سانحہ انتہائی دلخراش اور افسوسناک ہے، ایسے واقعات ہر انسان کیلئے گہرے صدمے کا باعث ہیں۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے والدین اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو نے متاثرہ خاندانوں کیلئے صبر و حوصلے اور جاں بحق بچوں کیلئے دعائے مغفرت بھی کی۔