خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کیلیے رحمت بن کر تشریف لائے: محسن نقوی

08-26-2026

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید میلاد النبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر کہا ہے کہ سید الانبیاء، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔

محسن نقوی نے اپنے پیغام میں میں پوری قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سیرتِ طیبہ ﷺ کو عملی زندگی کا حصہ بنانے پر زور دیا ہے، آپ ﷺ کی ولادت باسعادت پر دنیا نے نور کا چہرہ دیکھا، ظلمت نے شکست کھائی اور انسانیت نے عدل و رحم کا حقیقی مفہوم پایا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ صادق و امین کی حیثیت سے نبی کریم ﷺ نے مکہ کی بے رحم فضاؤں میں دیانت اور ایمانداری کا چراغ روشن کیا، جبکہ آپ ﷺ کی بعثت نے جاہلیت کے ہر بت کو پاش پاش کرکے انسانیت کو حق، سچ اور حکمت کا راستہ دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے محبت، اخوت، رواداری اور انسانیت کا درس دیا اور کمزوروں، یتیموں اور محتاجوں کے حقوق کا خصوصی خیال رکھنے کی تلقین فرمائی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسوۂ حسنہ ﷺ تمام مسلمانوں کی دینی و دنیاوی اصلاح و فلاح کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ دورِ حاضر کے تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں سیرتِ طیبہ ﷺ پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں بدامنی، انتشار اور خلفشار کا خاتمہ صرف اسوۂ حسنہ ﷺ پر عمل پیرا ہوکر ہی ممکن ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس مبارک ترین دن ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ سیرتِ طیبہ ﷺ کو اپنے کردار، انفرادی رویوں اور اجتماعی طرزِ عمل میں اختیار کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔