سرکاری نرخ نامے کے برعکس سبزیاں مہنگی فروخت، دو سبزیوں کے نرخ میں اضافہ

08-26-2026

(لاہور نیوز) سرکاری ریٹ لسٹ میں دو سبزیوں کے نرخ میں اضافہ ، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں تقریباً تمام سبزیاں سرکاری نرخ نامے کے برعکس مہنگے داموں فروخت ہونے لگیں، سبزی منڈی، پوش علاقوں اور گلی محلوں میں سبزیوں کے الگ الگ نرخ وصول کیے جا رہے ہیں۔

سرکاری نرخ نامے کے مطابق پیاز کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کرکے 185 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم درجہ اول خشک پیاز پرچون بازاروں میں 240 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ آلو کی قیمت میں بھی 3 روپے اضافہ کرکے 35 روپے فی کلو مقرر کی گئی، جبکہ درجہ اول آلو مارکیٹ میں 50 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ ٹماٹر کی سرکاری قیمت 155 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن درجہ اول ٹماٹر پرچون بازاروں میں 240 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ لہسن ہرنائی کی سرکاری قیمت 280 روپے مقرر ہے، جبکہ چائنہ لہسن 450 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ ادرک تھائی لینڈ کی سرکاری قیمت 330 روپے فی کلو ہے، تاہم مارکیٹ میں ادرک 420 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔ دیسی لیموں کی سرکاری قیمت 150 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں 220 روپے فی کلو تک وصول کیے جا رہے ہیں۔ سبز مرچ کی سرکاری قیمت 110 روپے فی کلو ہے، لیکن مارکیٹ میں 180 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔ دیسی ٹینڈے کی سرکاری قیمت 200 روپے کے مقابلے میں مارکیٹ میں 280 روپے فی کلو تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔ کھیرا سرکاری نرخ نامے میں 120 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں 180 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ بند گوبھی کی سرکاری قیمت 150 روپے کے مقابلے میں 280 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے۔ پھول گوبھی کی سرکاری قیمت 160 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ پرچون بازاروں میں 250 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔ بینگن کی سرکاری قیمت 80 روپے کے مقابلے میں 160 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ بھنڈی کی سرکاری قیمت 190 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم پرچون مارکیٹ میں 260 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔ شملہ مرچ کی سرکاری قیمت 270 روپے کے مقابلے میں پرچون مارکیٹوں میں 360 روپے فی کلو تک دستیاب ہے۔ گاجر کی سرکاری قیمت 125 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن پرچون بازاروں میں 175 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔ گھیا کدو کی سرکاری قیمت 180 روپے کے مقابلے میں 250 روپے، جبکہ گھیا توری کی سرکاری قیمت 80 روپے کے مقابلے میں 120 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ میتھی کی سرکاری قیمت 260 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم مارکیٹ میں میتھی 440 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامے جاری ہونے کے باوجود پرچون بازاروں میں ان پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، جس کے باعث انہیں سرکاری قیمت سے کہیں زیادہ نرخوں پر سبزیاں خریدنا پڑ رہی ہیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔