عید میلاد النبیؐ، لاہور پولیس کے فول پروف سکیورٹی انتظامات، افسران و اہلکار تعینات
08-26-2026
(لاہور نیوز) عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر لاہور پولیس نے شہر بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہر میں ہونے والی 128 محافل، 173 ریلیوں، جلوسوں اور اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے 7 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق مرکزی جلوس بیرون دہلی گیٹ سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا داتا دربار پر اختتام پذیر ہو گا, سکیورٹی ڈیوٹی پر ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس، ڈولفن اور پیرو سکواڈ کے افسران و جوان بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کی تقریبات کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے اور قیامِ امن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، انہوں نے سپروائزری افسران کو سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی، علمائے کرام اور امن کمیٹیوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ سی سی پی او نے مزید ہدایت کی کہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کئے جائیں، متبادل روٹس فعال رکھے جائیں، شہر کے داخلی و خارجی ناکوں پر سخت چیکنگ کی جائے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے جلوسوں، ریلیوں اور دیگر تقریبات کی مسلسل مانیٹرنگ بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔