سرورِ کائنات حضرت محمد ﷺ کی ولادتِ باسعادت انسانیت کیلئے اللہ کریم کا سب سے بڑا انعام ہے: مریم نواز
08-26-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سرورِ کائنات حضرت محمد ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں درود و سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ ﷺ فخرِ موجودات اور رہبرِ کائنات ہیں، آپ ﷺ کی ولادتِ باسعادت پوری انسانیت کے لیے اللہ کریم کا سب سے بڑا انعام ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کی مبارک ساعتیں ہر مسلمان کے لیے سعادت کا باعث ہیں۔ آپ ﷺ کی ولادتِ باسعادت سے کائنات کا ذرہ ذرہ مہک اٹھا اور عالمِ انسانیت کو رحمت، ہدایت اور انسانیت کا عظیم پیغام ملا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ یتیموں کا سہارا اور دو جہاں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔ آپ ﷺ نے کمزوروں کو معاشرے میں عزت و وقار کا مقام عطا کیا، جبکہ مظلوموں، غلاموں اور بیٹیوں کو جینے کا حوصلہ آپ ﷺ کی مقدس آمد سے ملا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادت نے خرافات کے بتوں کو گرایا اور دلوں میں توحید کی شمع روشن کی۔ سیرتِ نبوی ﷺ کی اتباع دنیا و آخرت میں کامیابی کی نوید ہے، جبکہ سیرتِ طیبہ پر بھرپور عمل ہی آپ ﷺ سے محبت کا حقیقی تقاضا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں حضرت محمد ﷺ پر درود و سلام پیش کرتے ہوئے امتِ مسلمہ کے لیے عید میلاد النبی ﷺ کی مبارک ساعتوں کو خیر و برکت کا ذریعہ قرار دیا۔