ملک بھر میں جشنِ میلاد النبی ﷺ انتہائی عقیدت و احترام،جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے
08-26-2026
(لاہور نیوز ) سرکارِ دو عالم، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا جشنِ ولادت باسعادت ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت دن کا آغاز صوبائی دارالحکومت لاہور میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ لاہور کے محفوظ شہید گریژن میں نمازِ فجر کے بعد پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے 21 توپوں کی سلامی پیش کی۔ توپوں کی سلامی کی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ نعرۂ تکبیر بھی بلند کیا۔ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں محافلِ میلاد، جلوس اور دیگر مذہبی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جبکہ عاشقانِ رسول ﷺ اپنے آقا و مولا حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔