راوی روڈ پولیس کی کارروائی، پتنگیں تیار کرکے فروخت کرنیوالے 2 ملزمان گرفتار
08-26-2026
(لاہور نیوز) راوی روڈ پولیس نے پتنگ سازی و فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان بلال اور احسن کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او راوی روڈ نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا، جو پابندی کے باوجود پتنگیں تیار کرکے فروخت کرنے کا دھندہ کر رہے تھے۔ ملزمان پتنگوں کی ترسیل کے لیے لوکل ٹرانسپورٹ میں گتے کے ڈبوں اور توڑوں کا استعمال کرتے تھے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 300 تیار پتنگیں، 200 سے زائد پتنگیں تیار کرنے کا خام مال، کیمیکل ڈور کی 12 چرخیوں سمیت دیگر سامان برآمد کر لیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔ پتنگ سازی و فروشی کے خلاف کامیاب کارروائی پر ایس پی سٹی نے ایس ایچ او راوی روڈ اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ انسدادِ پتنگ بازی و فروشی کے حوالے سے کڑی نگرانی جاری ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔