عوام حکمرانوں کی عیاشیوں کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، امیر جماعت اسلامی

08-25-2026

(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ عوام حکمرانوں کی عیاشیوں کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، ملک میں دہرا نظام نہیں چل سکتا۔

صوبائی دارالحکومت میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ  پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کرنا پڑے گی، غریب عوام حکمرانوں کی عیاشیوں کا بوجھ اٹھا رہی ہے، اب ملک میں دہرا نظام نہیں چل سکتا۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں عوام کو 16 روپے سستی بجلی مل رہی ہے، ملک میں یکساں اور معیاری تعلیم کا نظام ہونا چاہیے اور پاکستان کو اس کی حقیقی آزادی ملنی چاہیے۔ حافظ نعیم  نے کہا کہ پاکستان عدل کے نظام کے لیے بنایا گیا تھا، اس لیے عوام کو منظم کرکے موجودہ نظام کو تبدیل کرنا ہوگا، حیدرآباد میں دھرنے کا آج تیسرا دن ہے، کارکنان حیدرآباد کی گلیوں اور محلوں میں جائیں اور عوام کو منظم کریں۔ ان کا منعم ظفر کو بھی کراچی کی ہر گلی اور محلے میں جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قبضہ میئر جتنا مرضی چیختا رہے، وہ اپنا کام جاری رکھیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سیاست اور معیشت کو جام کرنے والے عناصر ہمارے دھرنے کے خلاف بات کر رہے ہیں، حالانکہ انہوں نے خود معیشت کو جام کر رکھا ہے، اگر عوام باہر نکل آئے تو حکمرانوں کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا، انہیں اقتدار سے ہٹا کر پاکستان کو آزاد اور معیشت کو فعال کیا جائے گا۔ حافظ نعیم الرحمان کا پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ اس کی سوچ محدود ہے اور وہ جنوبی پنجاب کے عوام کو کچھ نہیں دینا چاہتی، جنوبی پنجاب کے چوکوں میں بھی احتجاجی کیمپ لگائے جائیں، اس دھرنے کی پشت پر پورا پنجاب کھڑا ہونا چاہیے۔ اُنہوں نے اعلان کیا کہ 28 اگست کو فیصل آباد میں بہت بڑا جلسہ ہوگا، اب ماحول بن چکا ہے، ہمیں آگے بڑھتے جانا ہے اور جلسوں و دھرنوں کو بھی کامیاب بنانا ہے۔