ہربنس پورہ: بڑے بھائی کی فائرنگ سے چھوٹا بھائی قتل، ملزم گرفتار
08-25-2026
(لاہور نیوز) ہربنس پورہ کے علاقہ کوٹلی پیر عبدالرحمن میں گھریلو جھگڑے پر بڑے بھائی نے فائرنگ کر کے اپنے 30 سالہ چھوتے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس کے مطابق والدہ سے لڑائی جھگڑے کے دوران بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی طارق پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کا نتیجہ ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا، جس پر ہربنس پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم اظہر کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا پولیس اور فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے جبکہ مقتول کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردی گئی۔ پولیس کے مطابق واقعے میں ملزم کی والدہ شکیلہ بی بی سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔ ایس ایچ او ہربنس پورہ کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہونے پر واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایس پی کینٹ عاطف امیر کے مطابق واقعے میں مزید کارروائی حسب ضابطہ جاری ہے۔