حکومتی رکن احسن رضا غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر پھٹ پڑے

08-25-2026

(لاہور نیوز) حکومتی رکن احسن رضا نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر پانی و بجلی بتائیں وہ ہیں کدھر، بھاری بھرکم بل دینے والے عوام کو بتائیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بارے۔

احسن رضا نے کہا کہ لاہور ہو، فیصل آباد ہو، راولپنڈی ہو یا کوئی گاؤں، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی گاؤں میں بجلی نہ آئے تو پورا گاؤں پیسے اکٹھے کرکے لیسکو والوں سے ٹرانسفارمر لگواتے ہیں۔ احسن رضا نے کہا کہ بجلی کی ریکوری کرنے والی فورسز کے اہلکار تاجروں کے گریبان پکڑ کر تھانے لے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بجلی چوروں پر قابو پائے۔ حکومتی رکن نے کہا کہ ملک میں تو بجلی کا کوئی شارٹ فال ہی نہیں تو پھر لوگوں کو لوڈشیڈنگ کے عذاب میں کیوں مبتلا کیا ہوا ہے۔ پینل آف چیئرپرسن سمیع اللہ خان نے حکومتی رکن احسن خان کو غیر منصفانہ لوڈشیڈنگ کے خلاف ایوان کی قرارداد لکھ کر دینے کی ہدایت کر دی۔