بابر اعظم کی بیٹنگ پریکٹس شروع، لارڈز ٹیسٹ میں شرکت کے امکانات روشن

08-25-2026

(لاہور نیوز) انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں 27 اگست سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلی کی چوٹ سے صحت یاب ہونے کے بعد باقاعدہ بیٹنگ پریکٹس کا آغاز کر دیا ہے۔ بابر اعظم نے کوچنگ سٹاف کے ایک رکن کے ہمراہ انڈور ہال میں طویل اور بھرپور بیٹنگ سیشن کیا، جس کے بعد لارڈز ٹیسٹ میں ان کی شرکت کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ لارڈز کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی بابر اعظم کی انڈور پریکٹس کی ویڈیو شیئر کی گئی، جس نے پاکستانی شائقین میں امید پیدا کردی ہے۔ قومی بیٹر کو بیک نہم میں پریکٹس میچ کے دوران دائیں ہاتھ کی انگلی پر چوٹ لگی تھی، جس کے باعث وہ ہیڈنگلے میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر سکے تھے، پاکستان کو اس میچ میں اننگز اور 103 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بابر اعظم کی واپسی پاکستان کی کمزور بیٹنگ لائن کے لیے بڑا سہارا ثابت ہوسکتی ہے، کپتان کی موجودگی سے نہ صرف مڈل آرڈر کو استحکام ملنے کی توقع ہے بلکہ پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد قومی ٹیم کو لارڈز میں کم بیک کرنے کے لیے بھی اہم تقویت مل سکتی ہے۔