میو ہسپتال میں اینجیوگرافی مشینیں خراب، امراضِ قلب کے مریضوں کا علاج متاثر

08-25-2026

(لاہور نیوز) میو ہسپتال لاہور میں دونوں اینجیوگرافی مشینیں خراب ہونے کے باعث امراضِ قلب کے مریضوں کا علاج متاثر ہو گیا، جبکہ درجنوں مریض روزانہ طبی سہولت سے محروم ہو رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ہسپتال کے شعبہ کارڈیالوجی میں نصب اینجیوگرافی مشین پہلے ہی خراب تھی، جبکہ اب سرجیکل ٹاور میں نصب دوسری مشین بھی خراب ہو گئی ہے۔ دونوں مشینوں کے غیر فعال ہونے کے باعث میو ہسپتال میں اینجیوگرافی سمیت متعلقہ کارڈیالوجی علاج کا سلسلہ رک گیا ہے، جس سے دل کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ روزانہ بڑی تعداد میں مریض اینجیوگرافی اور دیگر ضروری طبی سہولیات کیلئے میو ہسپتال سے رجوع کرتے ہیں، تاہم دونوں مشینیں خراب ہونے کے باعث مریضوں کو علاج کیلئے دیگر ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے۔ دونوں اینجیوگرافی مشینوں کی خرابی کے باعث دل کے مریض دربدر ہیں اور علاج کی بروقت سہولت دستیاب نہ ہونے سے مریضوں اور ان کے لواحقین پریشان ہیں۔