فیروپور روڈ کی ازسرنو بحالی، 9 ارب 55 کروڑ روپے سے زائد کا تخمینہ

08-25-2026

(ویب ڈیسک) 13 سال بعد لاہور کے فیروزپور روڈ کی ازسرنو بحالی کا فیصلہ کر لیا گیا، کاغذوں میں ماڈل روڈ قرار دی جانے والی شاہراہ کو حقیقی معنوں میں ماڈل فیروزپور روڈ بنانے کیلئے 9 ارب 55 کروڑ روپے سے زائد کا تخمینہ تیار کر لیا گیا۔

منصوبے کے تحت لاہور کینال سے گجومتہ تک تقریباً 15 کلومیٹر طویل فیروزپور روڈ کی اپ گریڈیشن کی جائے گی، ایل ڈی اے کے انجینئرنگ ونگ نے گلبرگ کی طرز پر پائیدار ترقی کے اصولوں کے مطابق منصوبہ تیار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے چند روز قبل فیروزپور روڈ، نشتر اور یوحنا آباد کے علاقوں کا دورہ کیا تھا، جہاں سڑک پر جگہ جگہ موجود گڑھوں کا نوٹس لیتے ہوئے ایل ڈی اے کو فوری بحالی کی ہدایت کی تھی، منصوبے میں سڑک کی بحالی کے ساتھ واک ویز، ٹائل ورک اور بیٹھنے کیلئے مخصوص جگہیں بھی بنائی جائیں گی، جبکہ عمارتوں کیلئے یکساں طرز کے بیرونی ڈیزائن، سائن بورڈز اور فٹ پاتھ بھی تیار کئے جائیں گے۔ اچھرہ کی طرز پر مارکیٹوں کو بھی بحال کیا جائے گا اور دکانوں کے سامنے خوبصورت واکنگ ایریا بنایا جائے گا۔