عید میلادالنبی ﷺ پر ریسکیو 1122 ہائی الرٹ، 1300 سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے

08-25-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ریسکیو 1122 کو پنجاب بھر میں ہائی الرٹ کر دیا گیا۔

ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد کے مطابق صوبے بھر میں 12 ہزار سے زائد ریسکیورز میڈیکل کور اور معمول کی ریسکیو سروسز کیلئے ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔ سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کے مطابق عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر پنجاب بھر میں 896 ایمبولینسز، 2300 ریسکیو موٹربائیکس اور 316 فائر و ریسکیو ایمرجنسی وہیکلز اہم مقامات پر تعینات کی جائیں گی۔ ڈاکٹر رضوان نصیر کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں 1300 سے زائد ریسکیورز ڈیوٹی سرانجام دیں گے، شہر میں 55 ایمرجنسی ایمبولینسز، 300 ریسکیو موٹربائیکس جبکہ 44 فائر، ریسکیو اور سپیشلائزڈ ایمرجنسی وہیکلز تعینات ہوں گی۔ انہوں  نے بتایا کہ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر پنجاب بھر میں اہم مقامات پر اضافی ریسکیو پوسٹس بھی قائم کی جائیں گی، محافل میلاد، ریلیوں اور جلوسوں کے قریب ریسکیورز میڈیکل کٹس کے ہمراہ موجود رہیں گے۔ صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر تمام ریسکیو آپریشنز کی مانیٹرنگ کرے گا، جبکہ پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران اپنے اپنے اضلاع میں ریسکیو آپریشنز کی کمانڈ کریں گے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر کا کہنا تھا کہ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر خصوصی میڈیکل کور کے ساتھ معمول کی ریسکیو سروسز بھی بلا تعطل جاری رہیں گی، عوام کو فوری ریسکیو سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔