پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ
08-25-2026
(لاہور نیوز) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں صوبے کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے اہم فیصلے کئے گئے۔
اجلاس میں سپورٹس ایکشن پلان پر بریفنگ دی گئی، جس میں تمام چیئرمین تعلیمی بورڈز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز نے شرکت کی، اجلاس میں پنجاب کے تمام سکولوں میں اکتوبر سے دسمبر تک میگا سپورٹس ایونٹس منعقد کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیر تعلیم کے مطابق پبلک سکولوں کے درمیان کھیلوں کے مقابلے تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر منعقد ہوں گے، جبکہ دسمبر میں فائنل ایونٹ ہو گا جس کی میزبانی لاہور بورڈ کرے گا، انہوں نے کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کیلئے انعامی رقم بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے رقم 5 لاکھ، 3 لاکھ اور 1 لاکھ روپے مقرر کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ہر کیٹیگری کے طلبہ کیلئے الگ الگ انعامی رقم مختص کی جائے جبکہ کھیلوں میں حصہ لینے والے طلبہ اور طالبات کیلئے بھی الگ انعامات رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گراس روٹ لیول پر کھیلوں کے ٹیلنٹ کو پروان چڑھائے گی، جو طلبہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے، انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنے کے ساتھ مکمل سپورٹ بھی دی جائے گی، ماضی میں سکول کھیلوں کی نرسریاں ہوا کرتے تھے اور انہی اداروں نے ملک کو بہترین کھلاڑی فراہم کئے، کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی سے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں دلچسپی بھی بڑھے گی۔ اجلاس میں وزیر تعلیم کو بریفنگ دی گئی کہ پنجاب کے تمام 35 ہزار سکولوں میں سپورٹس کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں، جبکہ اب تک 450 سکولوں میں کھیلوں کا سامان فراہم کیا جا چکا ہے۔ وزیر تعلیم نے سپورٹس کٹس کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد تعلیمی بورڈز کا مینڈیٹ ہے، اسے ہر صورت جاری رکھا جائے، آئندہ سال کھیلوں کی بحالی کے مشن میں نجی سکولوں کو بھی برابر شامل کیا جائے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ کھیلوں کی طرح سکولوں میں ہم نصابی سرگرمیاں بھی جلد بحال کی جائیں گی، انہوں نے تعلیمی اداروں میں کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے آئندہ تین سال کی پالیسی تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔