پنجاب بھر کی 4 ہزار سے زائد یونین کونسلز میں دستک مراکز قائم کرنے کا منصوبہ

08-25-2026

(لاہور نیوز) پنجاب بھر کی یونین کونسلز میں دستک مراکز کے قیام کا منصوبہ تیار کر لیا گیا، جس کے تحت 170 سے زائد سرکاری خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔ اس منصوبے پر مجموعی طور پر 4 ارب روپے سے زائد لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود کی زیرصدارت پی آئی ٹی بی کے ساتھ اہم اجلاس ہوا، جس میں دستک مراکز کے قیام اور سروس ڈیلیوری کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف نے اجلاس کو دستک مراکز کے مجوزہ سروس ڈیلیوری ماڈل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں مراکز کے لیے عمارات، آئی ٹی سہولیات اور عوامی رسائی سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دستک مراکز کے قیام کے لیے یونین کونسلز کا فیلڈ اسیسمنٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے ہدایت کی کہ پنجاب کی 4 ہزار سے زائد یونین کونسلز کو دستک مراکز کے منصوبے میں شامل کیا جائے۔ زید بن مقصود نے کہا کہ ہر یونین کونسل میں عوامی ضرورت کے مطابق سروسز کا تعین کیا جائے۔ یوسیز کی سطح پر دستک مراکز کے قیام سے عوام کو سرکاری خدمات کی فراہمی اور سہولیات کا معیار مزید بہتر ہوگا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ایڈمن ارشد بیگ اور ڈی جی پی آئی ٹی بی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔