سی سی پی او لاہور کی شاہدرہ سرکل پولیس ٹیم سے ملاقات، مبینہ مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک
08-25-2026
(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ سے ایس پی عاطف امیر کی سربراہی میں شاہدرہ سرکل پولیس کی ٹیم نے ملاقات کی، اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران بھی موجود تھے، سی سی پی او لاہور نے اے ایس پی شاہدرہ شاہ زیب خان اور ان کی ٹیم کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی۔
سی سی پی او لاہور نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے۔ انسپکٹر خرم شہزاد (غازی)، سب انسپکٹر زرضوان، وسیم عارف، ٹی ایس آئی علی حمزہ اور ٹی اے ایس آئی شازم علی کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا، جبکہ ہیڈ کانسٹیبلز فہیم اور امجد اور کانسٹیبلز شعیب، شاہ زیب، عمیر، اویس اور عثمان کو بھی نقد انعامات اور تعریفی اسناد دی گئیں۔ دوسری جانب پولیس کے مطابق سگیاں کلاں کے علاقے میں کارروائی کے دوران علی اکبر ولد لیاقت اور علی ولد جاوید نامی دو مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے، جبکہ قیس ولد شبیر نامی ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان ریکارڈ یافتہ تھے اور شیخوپورہ میں دورانِ ڈکیتی قتل کی واردات میں بھی مطلوب تھے۔ پولیس کے مطابق بیگم کوٹ پولیس نے ناکہ بندی کے دوران تینوں ڈاکوؤں کو ٹریس کیا، جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس جرائم کے خاتمے کے لیے مسلسل سرگرم ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جبکہ قابل، محنتی اور فرض شناس پولیس ملازمین کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔