عید میلادالنبی ﷺ کے جلوس، 16 ڈی ایس پیز سمیت 1800 سے زائد ٹریفک اہلکار تعینات
08-25-2026
(لاہور نیوز) لاہور میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کے جلوسوں کیلئے ٹریفک انتظامات مکمل کر لئے گئے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق زونل ایس ایس پیز کی نگرانی میں 16 ڈی ایس پیز فرائض انجام دیں گے، جبکہ 400 انسپکٹرز اور 1400 سے زائد وارڈنز و پٹرولنگ افسران تعینات ہوں گے۔ ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق شہر میں پانچ بڑے جلوس برآمد ہوں گے، سب سے بڑا جلوس نوری بلڈنگ ریلوے اسٹیشن سے برآمد ہو کر داتا دربار پہنچے گا، جبکہ دہلی گیٹ سے آنے والا جلوس بھی داتا حضور پہنچے گا، اسلام پورہ آخری مسجد اور شیلر چوک باغبانپورہ سے برآمد ہونے والے جلوس بھی داتا صاحب پہنچیں گے، داتا صاحب سے برآمد ہونے والا جلوس مسجد رحمت اللعالمین، بیٹری سٹاپ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق جلوسوں کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے متبادل روٹس مقرر کئے گئے ہیں، ریلوے اسٹیشن سے لنڈے کی جانب آنے والی ٹریفک کو ریلوے روڈ کی طرف بھیجا جائے گا، جبکہ آؤٹر سرکلر روڈ سے آنے والی ٹریفک کو اک موریہ اور آزادی فلائی اوور کی جانب ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ ملتان روڈ سے آنے والی ٹریفک کو کچہری چوک سے آؤٹ فال روڈ کی جانب بھیجا جائے گا، سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ کسی بھی سڑک کو ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند نہیں کیا جائے گا۔ سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شہریوں کو ٹریفک صورتحال اور متبادل راستوں سے راستہ ایف ایم، راستہ ایپ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے آگاہ رکھا جائے گا، شہر بھر میں جلوسوں اور محافل کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور ٹریفک کی روانی کو ہر ممکن حد تک برقرار رکھا جائے گا۔ سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جلوسوں کے دوران ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں اور سفر سے قبل متبادل راستوں سے متعلق معلومات حاصل کریں، کسی بھی مدد یا رہنمائی کیلئے شہری ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں