ایشیا کپ میں ہمارے لیے تمام میچز اہم ہیں: فاطمہ ثنا
08-24-2026
(لاہور نیوز) قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے لیے ٹیم کی تیاری اچھی جا رہی ہے، تمام میچز ہمارے لیے اہم ہیں اور ہماری توجہ کسی ایک میچ تک محدود نہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی دی ہنڈرڈ لیگ میں کھیلنے سے انہیں بہت فائدہ ہوا، یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ وہ انگلینڈ میں لیگ کھیلنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بنی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ دی ہنڈرڈ میں اچھی کارکردگی سے پاکستان کی دیگر کھلاڑیوں کے لیے بھی مواقع کے دروازے کھلیں گے، ایشیا کپ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دبئی کی کنڈیشنز سے وہ واقف ہیں اور گزشتہ سیریز میں ہونے والی غلطیوں کو اس بار نہیں دہرایا جائے گا۔ قومی ویمن ٹیم کی کپتان کا مزید کہا کہ ایشیا کپ میں ہر میچ اہمیت رکھتا ہے، اس لیے ٹیم کسی ایک مقابلے پر توجہ دینے کے بجائے پورے ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہے۔