13 ربیع الاول کو ملک گیر ہڑتال کی کال دیں گے، حافظ نعیم الرحمن
08-24-2026
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک بھر میں احتجاجی کیمپ قائم ہو چکے ہیں اور جماعت اسلامی آج رات احتجاج کے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، عوامی مسائل کے حل کیلئے احتجاج کیا جا رہا ہے، ان کے مطابق نااہل طبقے کا بوجھ پاکستان کے عوام اٹھا رہے ہیں جبکہ سسٹم میں بیٹھے لوگ عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہیں، 13 ربیع الاول کو ملک گیر ہڑتال کی کال دیں گے، ہڑتال ستمبر کے پہلے ہفتے میں ہو گی۔ انہوں نے گندم کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت نے گندم کی ایکسپورٹ کی اجازت دے دی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں اضافہ ہوا، پہلے گندم امپورٹ کی گئی اور اب ایکسپورٹ کی جا رہی ہے، جبکہ کیئر ٹیکر حکومت کے دور میں درآمد کی جانے والی گندم کا حساب بھی ابھی تک سامنے نہیں آیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مقامی طور پر ریفائن ہونے والا تیل نسبتاً سستا پڑتا ہے، تاہم کمپنیاں مقامی تیل پر بھی باہر سے آنے والے تیل کی قیمت وصول کر رہی ہیں، پٹرولیم مصنوعات پر مختلف ٹیکسز اور لیوی بھی وصول کی جا رہی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے حکمرانوں کی مراعات پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اپنی مراعات کم نہیں کر رہے جبکہ عوام مہنگائی کا بوجھ برداشت کر رہے ہیں، حکومت کو عوام کو ریلیف دینا چاہئے، اگر لیوی ختم نہ کی گئی تو جماعت اسلامی سڑکوں پر بیٹھنا شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج انا کا مسئلہ نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دلانے کیلئے ہے، بائیک چلانے والوں کو بھی زیادہ ٹیکس دینا پڑ رہا ہے اور حکومت کو جماعت اسلامی کے مطالبات تسلیم کرنے چاہئیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کی خوشیوں کے ساتھ سیرت کا پیغام بھی عوام تک پہنچنا چاہئے، اسی لئے جماعت اسلامی کے دھرنوں میں سیرت کانفرنسز بھی منعقد کی جائیں گی۔ فلسطین کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ اور فلسطین میں حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور شہادتیں ہو رہی ہیں، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے معاہدے کو مکہ مکرمہ اور بیت المقدس کے تحفظ کیلئے استعمال کیا جانا چاہئے اور پاکستان کو اس معاملے میں قائدانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسرائیل نے شام پر بھی حملے شروع کر دیئے ہیں اور صہیونی کسی قانون یا معاہدے کو تسلیم نہیں کرتے، ایسے معاملات کو نہیں چھیڑنا چاہئے جن سے ملک میں مزید تقسیم پیدا ہو۔ ملکی صورتحال پر حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ کشمیر میں احتجاج جاری ہے جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں، ایسی صورتحال میں قوم کو متحد کرنے اور اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔