راحت فتح علی خان کا نصرت فتح علی خان کی قبر پر قوالی پرفارمنس کا دفاع
08-24-2026
(ویب ڈیسک) معروف پاکستانی قوال و گلوکار راحت فتح علی خان نے استاد نصرت فتح علی خان کی برسی کے موقع پر ان کی قبر پر قوالی پرفارمنس کے معاملے پر تنقید کا جواب دے دیا۔
راحت فتح علی خان نے ایک یوٹیوب شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا صارفین محبت کی وجہ سے تنقید کرتے ہیں اور یہ بھی ان کے اظہارِ محبت کا ایک انداز ہے، تاہم جو لوگ ہماری روایات سے واقف نہیں، وہ اس عمل پر تنقید کرتے ہیں۔ راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ ہم اپنی میراث اور روایت پر عمل کرتے ہیں، یہ ہمارے خاندان کی 100 سال پرانی روایت ہے، ہم قوال اسی طرح کرتے ہیں، میں نے بھی اپنی خاندانی روایت پر عمل کیا اور مجھے اس پر کوئی افسوس نہیں۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم قبر کے اندر کھڑے نہیں تھے بلکہ قبر کے کناروں پر کھڑے ہو کر قوالی پڑھ رہے تھے اور اس دوران مکمل احترام کا مظاہرہ کیا گیا۔ راحت فتح علی خان نے کہا کہ میری باڈی لینگویج سے بھی واضح تھا کہ میں وہاں انتہائی احترام کے ساتھ موجود تھا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین نہیں آتا کہ میرے اپنے کسی عزیز نے بھی میرے خلاف اتنی باتیں کیں۔ گلوکار نے یہ بھی بتایا کہ قوالی سے قبل قرآن خوانی اور دعاؤں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔