صدر مملکت سے سعودی سفیر کی الوداعی ملاقات، عوامی محبت و تعاون پر اظہار تشکر

08-23-2026

(لاہور نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی اور پاکستانی عوام کی محبت و تعاون پر اظہار تشکر کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی جانب سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا ہے۔ آصف علی زرداری نے سفیر کی پاکستان میں تعیناتی کے دوران ان کی مخلصانہ خدمات اور پاکستان کے ساتھ دوستی، گرمجوشی اور تعاون کے جذبے کو سراہا، انہوں نے کہا کہ سعودی سفیر نے بالخصوص سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی آزمودہ دوستی اور تزویراتی شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کے لیے مملکت کی مستقل حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ سفیر نواف بن سعید المالکی کے دورِ تعیناتی کے دوران دوطرفہ تعلقات کے لیے جو مضبوط بنیاد رکھی گئی ہے، وہ آئندہ برسوں میں بھی باہمی تعاون کی رہنمائی کرتی رہے گی۔ نواف بن سعید المالکی، جو 2017 سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، نے صدر مملکت، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا اپنے قیام کے دوران محبت، گرمجوشی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور پاکستانی عوام کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔ صدر مملکت نے نواف بن سعید المالکی کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں اور کامیابی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ان کا دوسرا گھر رہے گا، ملاقات میں سینیٹر شیری رحمٰن بھی موجود تھیں۔