اے سی سی اجلاس میں پاکستان کو بھارت کیخلاف اہم کامیابی مل گئی

08-23-2026

(لاہور نیوز) ایشین کرکٹ کونسل کے انتخابات میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے بھارتی حمایت یافتہ پینل کو شکست دے دی۔

پاکستان کے حمایت یافتہ پینلز کے تینوں امیدوار کامیاب ہوئے، اجلاس میں اے سی سی کے دیگر ایجنڈے پر بھی بحث ہوئی۔بنکاک میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ جنرل اجلاس میں اے سی سی بورڈ میں ڈائریکٹرز کی تین نشستوں کے لیے انتخابات ہوئے، جس میں پاکستان اور بھارت کے حمایت یافتہ پینلز آمنے سامنے تھے۔ذرائع کے مطابق کانٹے کے مقابلے کے بعد پاکستان کے حمایت یافتہ امیدوار کامیاب رہے جب کہ بھارتی حمایت یافتہ پینل کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق اے سی سی صدر محسن نقوی کی قیادت میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل میں قطر، سنگاپور اور مالدیپ کے نمائندے شامل تھے، جنہوں نے کامیابی حاصل کی۔ اے سی سی کے قیام کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے تینوں نشستیں حاصل کی ہیں، اجلاس میں بھارت کی نمائندگی راجیو شکلا نے کی۔ ذرائع کے مطابق اس تاریخی کامیابی کو صدر اے سی سی محسن نقوی کی بڑی کامیابی اور ایشین کرکٹ کونسل میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا اہم مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔ سالانہ جنرل اجلاس میں انتخابات کے علاوہ دیگر اہم امور بھی زیر بحث آئے۔ذرائع کے مطابق اگلے سال بنگلا دیش میں ہونے والے ایشیا کپ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، جس میں تین وینیوز سلہٹ، میرپور اور چٹوگرام کی تجویز دی گئی، جب کہ ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ بجٹ پر بھی بحث ہوئی۔ اجلاس میں دبئی میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ کی تیاریوں اور انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔