وزیراعلیٰ مریم نواز سے لودھراں کے ارکانِ اسمبلی کی ملاقات، عوامی مسائل کے حل پر تبادلہ خیال

08-23-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لودھراں کے ارکانِ صوبائی اسمبلی محمد زبیر خان اور شازیہ حیات نے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی امور، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ارکانِ صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اپنے حلقوں میں درپیش عوامی مسائل سے آگاہ کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے انہیں عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوشاں رہنے کی ہدایت کی۔ ارکانِ اسمبلی نے ملتان، وہاڑی روڈ کی تکمیل پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا اور لودھراں میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز پر عوام کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کیا۔ ارکانِ اسمبلی کے مطابق شاہدہ اسلام ہسپتال، دنیاپور، کچہری چوک، میلاد چوک اور کہروڑ پکا روٹس پر الیکٹرو بس سروس کامیابی اور مقبولیت کے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ ارکانِ صوبائی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ہیلتھ انیشی ایٹو عوام کے دلوں میں گھر کر چکے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں سے دوسرے صوبوں کے عوام بھی مستفید ہو رہے ہیں۔ لاہور میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور اضلاع میں کیتھ لیبز مکمل طور پر فعال ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب ای بَز اور ’’مریم کی دستک‘‘ پورٹل کی بدولت پنجاب سروسز ٹیکنالوجی کے میدان میں قیادت کرے گا۔ پنجاب حقیقی طور پر ترقی اور ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہو چکا ہے۔