سابق کپتان اظہر علی نے بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا
08-22-2026
(ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور کپتان اظہر علی نے کوچنگ کے میدان میں اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔
اظہر علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں اس کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اب باضابطہ طور پر آئی سی سی لیول 3 کوالیفائیڈ کوچ ہیں۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ کرکٹ نے ان کے سفر کے دوران انہیں بے شمار سبق، یادیں اور مواقع فراہم کئے، اب وہ کھیل کو واپس کچھ دینے کیلئے اپنا تجربہ منتقل کرنا چاہتے ہیں۔ اظہر علی نے کہا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور اگلی نسل کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، تاکہ وہ صرف بہتر کرکٹرز ہی نہیں بلکہ پراعتماد افراد اور بہتر ایتھلیٹس بھی بن سکیں۔ انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ سیکھنے کا عمل کبھی نہیں رکتا اور سفر جاری رہتا ہے۔ واضح رہے کہ اظہر علی پاکستان کے کامیاب ٹیسٹ بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں، انہوں نے 2010 سے 2022 تک پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 97 ٹیسٹ اور 53 ون ڈے میچز کھیلے جبکہ قومی ٹیم کی قیادت بھی کی۔