سکول وینز، رکشوں اور بسوں میں اوورلوڈنگ، LPG سلنڈر کے استعمال پر کریک ڈاؤن کا حکم
08-22-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے محفوظ پنجاب، محفوظ روڈز کے وژن کے تحت ننھے بچوں کے تحفظ کے لیے سکول ٹرانسپورٹ کے حوالے سے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے سکول وینز، رکشوں اور بسوں میں اوورلوڈنگ اور گیس سلنڈر کے استعمال کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کو سکول لانے اور لے جانے والی کسی بھی گاڑی، ویگن یا رکشے میں LPG سلنڈر استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق رکشہ ڈرائیور آگے والی نشست پر کسی بچے کو نہیں بٹھا سکیں گے، جبکہ رکشوں کے سائیڈز پر بیگ یا دیگر اشیاء لٹکانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ کینال روڈ پر چلنے والے رکشوں میں بھی اگلی نشست پر کسی سواری کو بٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پک اپ ڈرائیور فرنٹ سیٹ پر ایک سے زائد سواری بٹھانے سے گریز کریں، بصورت دیگر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے ڈی ایس پیز اور ایجوکیشن یونٹ کو سکول انتظامیہ اور والدین کو ٹریفک قوانین اور بچوں کی محفوظ سفری سہولیات کے حوالے سے آگاہی دینے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین اپنی ذمہ داری سمجھیں اور بچوں کے لیے محفوظ سواری کا انتخاب کریں۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق کارروائی اور آگاہی کے لیے سکولوں کے باہر 200 سے زائد ٹریفک وارڈنز تعینات کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ غیر محفوظ رکشوں اور ویگنوں کی نشاندہی کریں تاکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔