مذہبی بنیادوں پرتشدد ناقابلِ قبول، اقلیتوں کے تحفظ کیلئے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا: مریم نواز

08-22-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کوئی بھی مذہب تشدد کرنے کی ترغیب یا اجازت نہیں دیتا، جبکہ مذہب اور عقائد کی بنیاد پر تشدد قابلِ مذمت عمل ہے۔

مریم نواز شریف نے مذہبی بنیادوں پر تشدد کا شکار ہونے والے افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کوئی مہذب معاشرہ مختلف عقائد رکھنے والوں پر تشدد کی حمایت نہیں کرتا۔ مسلمانوں کو بھی مذہب کی بنیاد پر نشانہ بنایا جا رہا ہے اور بڑھتا ہوا اسلاموفوبیا اس کی واضح مثال ہے۔ کشمیر اور فلسطین میں دہائیوں سے مسلمانوں کو مذہبی عقائد کی بنیاد پر تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان ہر مذہب اور عقیدے کے ماننے والوں کو برابر کا احترام دیتا ہے۔ پاکستان کے سبز ہلالی پرچم میں سفید رنگ مختلف مذاہب کی نمائندگی کرتا ہے، سب پاکستانی ہیں اور کسی قسم کی تفریق نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقلیتوں پر اٹھنے والے ہاتھوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جاتا ہے۔ حکومتِ پنجاب مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے اور مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تعصب اور تشدد کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔ مریم نواز شریف نے عوام پر زور دیا کہ معاشرے میں محبت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے۔ مذہبی تفریق اور نفرت کو ہوا دینے کی کوشش کرنے والوں کو شکست دینا ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عقیدے اور مذہب کی بنیاد پر تشدد و نفرت کا نشانہ بننے والے ہر مظلوم کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ تشدد اور تعصب کے خلاف کھڑے ہوں اور پُرامن، محفوظ اور روادار معاشرے کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔