پنجاب میں سی ٹی ڈی کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 18 مبینہ دہشت گرد گرفتار

08-22-2026

(لاہور نیوز) سی ٹی ڈی پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع سے 18 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

 ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائیاں لاہور، فیصل آباد، بھکر، ساہیوال، حافظ آباد، گوجرانوالہ، ملتان، سیالکوٹ اور سرگودھا میں کی گئیں۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، 8 ڈیٹونیٹرز، 5 فٹ پرائمہ کارڈ، 13 فٹ حفاظتی فیوز وائر، ممنوعہ سٹیکرز، کتابیں اور نقدی برآمد کی گئی۔ گرفتار دہشت گردوں کی شناخت حسن عباس، حنیف، سمیع اللہ، حسنین، عطا، شہزاد اور بلال سمیت دیگر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔ ترجمان کے مطابق رواں ہفتے 3 ہزار 357 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 274 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 1 لاکھ 21 ہزار 433 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ محکمہ محفوظ پنجاب کے ہدف پرعمل پیرا ہے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔