سی بی ڈی کے منصوبوں میں معیار، فعالیت اور بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے، عمران امین
08-22-2026
(لاہور نیوز) سی بی ڈی پنجاب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران امین نے سی بی ڈی کے ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے سی بی ڈی واک، دی سیکنڈ واک اور سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ حکام کی جانب سے سی ای او سی بی ڈی پنجاب کو سی بی ڈی واک کے تمام 32 یونٹس کے فنشنگ ورک پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ فلور ٹائلز اور ٹراورٹین ورک تکمیل کے قریب ہے۔ عمران امین نے سی بی ڈی واک کے داخلی راستے پر فوری طور پر اسفالٹ ورک شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے تمام کام معیار کے مطابق اور بروقت مکمل کئے جائیں۔ سی ای او سی بی ڈی پنجاب نے سی بی ڈی لیک کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرکے اسے جلد فعال کرنے کی بھی ہدایت کی، حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی کے مرکزی داخلی گیٹ کا بنیادی اسٹرکچر بھی تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے۔ عمران امین نے کہا کہ سی بی ڈی پنجاب عالمی معیار کے انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے، تمام منصوبوں میں معیار، فعالیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے، جبکہ جاری منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ دورے کے موقع پر ڈائریکٹر پروجیکٹ مینجمنٹ آصف اقبال، ڈائریکٹر کنسٹرکشن آصف بابر، ڈائریکٹر انجینئرنگ عمر حیات، ڈائریکٹر آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ سمیر آفتاب سیال اور پروجیکٹ منیجر سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی یاسر سیف اللہ بھی موجود تھے۔ سی بی ڈی پنجاب، نیسپاک اور کنٹریکٹرز کے متعلقہ افسران نے بھی دورے کے دوران جاری منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔