سانحہ کچہ ماچھکہ کے 12 پولیس شہداء کی دوسری برسی، آئی جی پنجاب کا خراجِ عقیدت

08-22-2026

(لاہور نیوز) سانحہ کچہ ماچھکہ میں ڈاکوؤں کے بزدلانہ حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پنجاب پولیس کے 12 اہلکاروں کی دوسری برسی آج منائی جا رہی ہے۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں اور اہلِ خانہ کو سلام پیش کیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پنجاب پولیس کے عظیم سپوتوں اور ان کی فیملیز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ 2024 میں آج ہی کے دن کچہ کے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پنجاب پولیس کے 12 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکوؤں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چھپ کر بزدلانہ حملہ کیا، تاہم پولیس جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ کچہ کے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس آپریشن بھرپور طاقت سے جاری ہے اور ریاست دشمن عناصر کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے گا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سانحہ میں شہید ہونے والوں میں ایک ہیڈ کانسٹیبل، 10 کانسٹیبلز اور ایک لانگری شامل تھے۔ شہداء میں ہیڈ کانسٹیبل نذر عباس، کانسٹیبلز محمد عمران، اجے رام، بیرم رام، راشد محمود، محمد ساجد، زاہد حسین، انس ستار، عبداللہ بن مظہر، محمد احمد اور راجا کنول شامل ہیں، جبکہ لانگری محمد منیر نے بھی فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔ آئی جی پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کچہ کے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی اور شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔