195 رنز کے خسارے کے باوجود علی عثمان کو پاکستان کی واپسی کی امید

08-21-2026

(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سپنر علی عثمان نے میچ میں واپسی کی امیدیں برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ سست ہوتی پچ پاکستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔

  انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 195 رنز کے خسارے کا سامنا ہے اور میزبان ٹیم کی مزید دو وکٹیں باقی ہیں۔علی عثمان کا کہنا ہے کہ پچ دن گزرنے کے ساتھ مزید سست ہوگی اور آئندہ تین روز میں سپنرز کو زیادہ ٹرن ملنے کا امکان ہے، جس سے پاکستان کو میچ میں واپس آنے کا موقع مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹنگ میں کوشش ہوگی کہ اننگز کو زیادہ سے زیادہ آگے لے کر جائیں اور زیادہ سے زیادہ رنز بنائیں، ہر سیشن کو الگ لے کر چلنا ہوگا۔ علی عثمان نے کہا کہ بطور بیٹنگ یونٹ ہم پُراعتماد ہیں، بیٹرز نے ویسٹ انڈیز اور وارم اپ میچ میں رنز بنائے ہیں اور امید ہے کہ وہ یہاں بھی اچھی کارکردگی دکھا کر میچ بچانے میں کامیاب ہوں گے۔ علی عثمان نے بتایا کہ جب انہوں نے بولنگ شروع کی تو گیند پچ پر رک کر آرہی تھی، جس سے انہیں محسوس ہوا کہ اسپنرز کے لیے کچھ مدد موجود ہے، چنانچہ انہوں نے درست جگہ پر گیند کرنے کی کوشش کی اور وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ علی عثمان نے دوسرے روز شاندار بولنگ کرتے ہوئے کیریئر کی پہلی پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے جارڈن کاکس، ہیری بروک، ڈین لارنس، گس اٹکنسن سمیت اولی پاپ کی اہم وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو کھیل میں واپس لانے کی کوشش کی۔