خواتین کو بلیک میل کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 ملزمان گرفتار

08-21-2026

(لاہور نیوز) ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم کی ہدایت پر خواتین کو آن لائن ہراساں اور بلیک میل کرنے والے عناصر کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا، جس کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد سے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

این سی سی آئی اے کے مطابق لاہور میں کارروائی کے دوران خاتون کو شادی کیلئے دباؤ ڈالنے اور قابلِ اعتراض تصاویر وائرل کرنے کی دھمکیاں دینے والے ملزم قیصر کو گرفتار کیا گیا، ملزم  کے قبضے سے موبائل فون اور اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد کئے گئے۔ گوجرانوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے خواتین کو بلیک میل کر کے مبینہ طور پر 2 لاکھ روپے بٹورنے والے ملزمان محمد مزمل اور علی اصغر کو گرفتار کیا گیا، کارروائی کے دوران یو کے واٹس ایپ نمبر، 3 موبائل فونز اور رقم کی منتقلی سے متعلق شواہد بھی برآمد کئے گئے۔ ملتان میں خاتون کا قابلِ اعتراض مواد واٹس ایپ پر شیئر کرنے اور اہلِ خانہ کو ہراساں کرنے کے الزام میں محمد تنویر کو گرفتار کیا گیا۔ دوسری جانب فیصل آباد میں تصاویر حذف کرنے کے عوض مبینہ طور پر 5 لاکھ روپے بھتہ مانگنے والے ملزم خیر حیات کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ این سی سی آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز، واٹس ایپ اکاؤنٹس اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد حاصل کئے گئے ہیں، جبکہ تمام واقعات کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم  نے عزم ظاہر کیا ہے کہ آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور خواتین کو دھمکانے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔