ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور کی کارروائیاں، 3 ملزمان گرفتار
08-21-2026
(لاہور نیوز) ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے مختلف کارروائیوں کے دوران کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی اور غیر قانونی انٹرنیٹ سروس چلانے کے الزام میں 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پر وحید گل اور محمد امین سلیم کو گرفتار کیا گیا، دونوں ملزمان مبینہ طور پر ایک معروف رجسٹرڈ کمپنی کی مصنوعات بغیر اجازت تیار اور فروخت کرنے میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے معروف رجسٹرڈ کمپنی کی بڑی تعداد میں مبینہ جعلی مصنوعات بھی برآمد کی گئیں۔ دوسری کارروائی میں فضل دین نامی ملزم کو غیر قانونی انٹرنیٹ سروس چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، ملزم کے خلاف پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کیلئے استعمال ہونے والا سامان اور متعلقہ نیٹ ورک آلات بھی قبضے میں لے لئے گئے، کارروائی میں ایف آئی اے ٹیم کے ہمراہ پی ٹی اے کی ٹیکنیکل ٹیم نے بھی حصہ لیا۔ ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق دونوں کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔