ستو کتلہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، ساتھی فرار
08-21-2026
(لاہور نیوز) ستو کتلہ کے علاقے میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ستو کتلہ پولیس نے ناکے پر دو موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس اہلکاروں پر سیدھی فائرنگ کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا، جس کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔ زخمی ملزم کی شناخت محمد حسن سہیل کے نام سے ہوئی ہے، جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم ڈکیتی سمیت دیگر سنگین مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے۔ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ ایس پی صدر عبداللہ عمران چیمہ کے مطابق زخمی ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔