پیرا فورس کی کارروائی پر تاجروں کا احتجاج، مبینہ تشدد کا الزام
08-20-2026
(لاہور نیوز) شاہ عالم مارکیٹ میں پیرا فورس کی کارروائی کے خلاف تاجروں نے احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق تاجروں نے الزام عائد کیا کہ پیرا فورس نے غیر قانونی قرار دے کر متعدد دکانیں سیل کر دیں۔ ذرائع کے مطابق سیل کی گئی دکانوں کے شٹر دوبارہ کھولنے پر پیرا فورس کی ٹیم کارروائی کے لیے موقع پر پہنچی، جس پر تاجروں اور اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی۔ تاجروں کے مطابق کارروائی کے دوران مبینہ زد و کوب سے بعض تاجروں کے کپڑے پھٹ گئے، واقعے کے خلاف تاجروں نے پیرا فورس کے خلاف نعرے بازی کی اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ تاجروں کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ حکام کو واقعہ کا نوٹس لینا چاہیے۔